ریکوڈک منصوبہ مقامی آبادی کی ترقی کیلئے ہے، ضلعی انتظامیہ آر ڈی ایم سی کیساتھ ملکر خدمات کی فراہمی جاری رکھے گی، ڈپٹی کمشنر چاغی

چاغی (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب نور شاہوانی نے ریکوڈک مائننگ کمپنی کی جانب سے ریکوڈک منصوبے اور اس کے گردونواح کی آبادیوں میں جاری مختلف کمیونٹی ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ آر ڈی ایم سی کے کنٹری منیجر ضرار جمالی، جنرل منیجر ریان مچل اور اسسٹنٹ کمشنر تفتان نعیم قاسم شاہوانی بھی موجود تھے۔ آر ڈی ایم سی کے کنٹری منیجر ضرار جمالی اور جنرل منیجر ریان مچل نے ڈپٹی کمشنر کا استقبال کیا، جنہوں نے ریکوڈک منصوبے اور کمپنی کے جاری کمیونٹی انویسٹمنٹ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں مقامی آبادیوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، مہارتوں کی ترقی اور کمیونٹی انفراسٹرکچر کے شعبوں میں آر ڈی ایم سی کی سرمایہ کاری اور عزم کو اجاگر کیا گیا۔ دورے کے دوران وفد نے آر ڈی ایم سی کے تعاون سے مقامی آبادی کی سہولت کے لئے بنائے گئے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا، جن میں انڈس اسپتال، گورنمنٹ پرائمری اسکول ہمئے، مشکی چاہ اسکول اور ہیلتھ سینٹر، اور گورنمنٹ پرائمری اسکول نوکچاہ شامل تھے، جہاں اس وقت ایک کثیر المقاصد کمیونٹی ہال کی تعمیر جاری ہے۔ وفد نے گورنمنٹ پرائمری اسکول ت±نگ کچاﺅ اور کرتاکہ کا بھی دورہ کیا۔ اس کے علاوہ باغیچہ کیمپ سمیت مختلف مقامات پر مقامی رہائشیوں اور قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور کمیونٹی ترجیحات اور جاری ترقیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہانزیب نور شاہوانی نے آر ڈی ایم سی کی جانب سے کمیونٹی ترقی میں مسلسل سرمایہ کاری اور مقامی ترجیحات کے حل کے لیے اس کے اشتراکی طرزِ عمل کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ تعلیم، صحت، صاف پینے کے پانی اور بنیادی انفراسٹرکچر تک رسائی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادیوں کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ آر ڈی ایم سی کے ساتھ مل کر خدمات کی فراہمی کو مزید موثر بنانے اور ضلع چاغی کے دور دراز علاقوں میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے کام جاری رکھے گی۔ آر ڈی ایم سی کے کنٹری منیجر ضرار جمالی نے مقامی آبادیوں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی شراکت داری میں کام کرنے کے کمپنی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پائیدار ترقیاتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے جو دیرپا اور مثبت نتائج پیدا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی سرمایہ کاری ریکوڈک منصوبے کا ایک بنیادی ستون ہے اور یہ ضلع چاغی کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے آر ڈی ایم سی کے طویل المدتی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر چاغی نے مقامی کمیونٹی کے اراکین کے ساتھ ایک کھلی کچہری بھی منعقد کی، جس میں عوام کو اپنے مسائل اور خدشات براہِ راست پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ انہوں نے عوامی مسائل کو بغور سنا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ کمیونٹی کی ضروریات کو پورا کرنے اور مقامی مسائل کو بروقت حل کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں