پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا پی آئی اے پر مسافروں کو سہولیات کی عدم فراہمی پر ایک کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد

لاہور+اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے پر ایک کروڑ سے زائد کا جرمانہ عائد کر دیا۔پی آئی اے کو یہ جرمانہ مسافروں کو نامناسب سہولیات کی فراہمی پر کیا گیا ہے جسے پی آئی اے نے نوٹس ملنے کے باوجود جمع نہیں کرایا بلکہ اسے کم یا معاف کرانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ پی آئی اے کو پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جرمانے کا حکمنامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے پروازوں کی آمد کے بعد مسافروں کو سامان کی تاخیر سے ترسیل پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ پی آئی اے کو 25 ستمبر تک مکمل جرمانہ ادا کرنے کا حتمی حکم دیا گیا، تاہم وہ وارننگ کے باوجود جرمانہ ادا کرنے میں ناکام رہی۔ مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی پی آئی اے کو متعدد بار انتباہ کیا جا چکا ہے، مگر آپریشنل بے ضابطگیوں اور گراو¿نڈ ہینڈلنگ میں تاخیر کے باعث اسے جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب پی آئی اے حکام نے سامان کی تاخیر کا ذمہ دار پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کو ٹھہرایا ہے۔ جی ایم ٹریفک طارق مجید کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹ اور اسکینر مناسب نہ ہونے کی وجہ سے سامان کی ترسیل میں تاخیر ہوتی ہے، جبکہ متعدد پروازوں کے بیک وقت اترنے سے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق اتھارٹی کی آپریشنل صلاحیت میں کمی کے باعث سامان کی بروقت ترسیل متاثر ہوتی ہے، اور ایسے جرمانے معمول کی کارروائی کا حصہ ہیں، دیگر ایئرلائنز پر بھی جرمانے عائد ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جرمانے کم یا ختم کروانے کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی سے بات چیت جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے