نوجوانوں کو روزگار فراہم کرکے بلوچستان کو پاکستان کے دیگر صوبوں کے برابر لایا جاسکتا ہے، نواب جنگیز مری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) سابق صوبائی وزیر نواب جنگیز مری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے سیاسی جماعتوں اور قائدین کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ صوبے کی حالت زار کو بہتر بناتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن کر کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے، تاکہ بلوچستان کو پسماندگی کی دلدل سے نکال کر پاکستان کے دیگر صوبوں کے برابر لایا جا سکے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سابق ناظم چلتن ٹاؤن حاجی میر محمد اسماعیل لہڑی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے ملک خصوصاً بلوچستان کی موجودہ صورتحال اور حالیہ بارشوں اور سیلاب سے صوبے کو پہنچنے والے نقصانات زمینداروں عوام اور انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے حکومت فوری طور پر خصوصی اقدامات اٹھاتے ہوئے کھلے آسمان تلے بے یار و مدد گار پڑے ہوئے لوگوں کو شدید سردی سے بچانے کیلئے وسائل کی فراہمی ممکن بنائیں کیونکہ سیلاب نے انسانوں کے علاوہ صوبے کے انفراسٹرکچر کو بھی تباہ کر دیا ہے بلوچستان پہلے ہی پسماندہ صوبہ تھا جسکی وجہ سے لوگوں میں بھی احساس محرومی پایا جاتا تھا سیلاب نے صوبے اور یہاں پر بسنے والوں کو مزید پسماندگی کی جانب دھکیل دیا ہے اس لئے تمام سیاسی جماعتوں انکے قائدین عوامی نمائندوں سمیت ہر طبقہ فکر تعلق رکھنے والے لوگوں کو بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر حاجی میر محمد اسماعیل لہڑی نے نواب جنگیز مری کو کہا کہ بلوچستان کے پسے ہوئے لوگوں کی مشکلات دور کرنے کیلئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے اپنے ہم خیال ساتھیوں کو آگے لا کر مشترکہ جد و جہد کر کے انہیں ان مسائل سے چھٹکارہ دلانے کیلئے متحد ہو کر کوشش کرنی چاہئے کیونکہ عوام اس وقت کسی مسیحا کے منتظر ہیں، ہمیں انکے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے انکے زخموں پر مرحم رکھنے کیلئے میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔اس لئے ہم خیال ساتھیوں کو اپنے عوام کی بہتری کیلئے اکھٹے ہو کر جد وجہد کرنا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں