ناکام وزیر اعظم کو جمہوری طریقہ سے گھر بھجوایا گیا، نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، بلاول بھٹو
کراچی (انتخاب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان نے نفرت کی سیاست سے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، ناکام وزیر اعظم کو جمہوری طریقہ سے گھر بھجوایا گیا، آج بنی گالہ سے چیخیں نکل رہی ہیں، پیپلز پارٹی ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔ہم نے تخریب کاروں کو شکست دی، جو شکست کھا چکے تھے جن کو چاروں کونوں سے نکالا عمران نے ان کو دوبارہ کھڑا کر دیا، عمران نے شہدا کے لہو کا سودا کیا۔ہمیں امپورٹڈ کہتا ہے اس نے تو تخریب کاری کو امپورٹ کر دیا، ریاستی رٹ پر کوئی کمپرو مائز نہیں کرینگے، تخریب کاروں کو شکست دے کر امن قائم کریں گے۔ کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے اور مجھے نظر آرہا ہے کہ 16 جنوری کو شہر کا میئر جیالا ہوگا۔کراچی میں وزیراعلیٰ ہاوس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کر تے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کر کے ملک کو بچایا تھا، مستقبل میں بھی پیپلز پارٹی ملک کو بچائے گی، پیپلز پارٹی کی سب سے بڑی طاقت یکجہتی کی سیاست ہے، ہم نے اسی یکجہتی کے ساتھ پورے ملک کو چلانا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی تقسیم، نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، نفرت کی سیاست پر یقین رکھنے والے کہتے ہیں یہ شہرایک سوچ رکھنے والوں کا ہے، پیپلز پارٹی کہتی ہے یہ شہر سب کا ہے، پیپلز پارٹی سب طبقوں کی نمائندگی کرتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک طرف خان کہہ رہا ہے استعفے منظور کریں، جب نمائندے سپیکر کے پاس جاتے ہیں تو کہتے ہیں استعفے منظور نہ کرو، یہ جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں، اصل میں الیکشن سے وہ بھاگ رہے ہیں، جہاں جیالا کھڑا ہو گا وہ الیکشن ہاریں گے۔


