حفاظتی سامان کی فراہمی پر پاکستان کے مشکور ہیں، امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاوَ کے حفاظتی سامان کی فراہمی پر پاکستان کے مشکور ہیں۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سامان کی فراہمی پاکستان کا امریکہ کے ساتھ کورونا کے خلاف جنگ میں اظہار یکجہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کورونا وائرس کے خلاف مشترکہ طور پر لڑ رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اظہاریکجہتی کے لیے پاکستان نے امریکی افواج کو کورونا حفاظتی سامان کا تحفہ دیا تھا۔پاک فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ کورونا وائرس سے بچاؤ کا امدادی سامان لے کر اینڈریو ایئر فورس بیس میری لینڈ، امریکہ پہ اترا۔عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی سامان لے کر پاکستان ایئر فورس کا خصوصی طیارہ امریکی ائر فورس بیس پہنچا تھا۔ذرائع کے مطابق پاکستان سے بھیجے جانے والے طبی سامان کو امریکی فوج کے سپرد کیے جانے کے موقع پر امریکہ میں موجود پاکستانی سفیر اسد مجید خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاک فوج کا یہ اقدام قدرتی آفات سے نمٹنے میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین دیرینہ تعاون کا مظہر ہے۔ہم نیوز کے مطابق پاکستان کے سفیر نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج اور عوام کے مابین تاریخی اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ اکھٹے مل کر لڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں