حکومت نے دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے پر غیر اعلانیہ پابندی ختم کردی

اسلام آباد (انتخاب نیوز) حکومت نے دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے پر غیر اعلانیہ پابندی ختم کرنیکا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم شہبازشریف سے اتحادِ تنظیماتِ مدارس کے وفد نے ملاقات کی جس میں مولانا فضل الرحمان، مفتی تقی عثمانی، مولانا حنیف جالندھری، مفتی منیب الرحمان، صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ ہزاروی، پروفیسر ساجد میر، مولانا عبدالکبیر آزاد، مولانا فضل رحیم اشرفی اور دیگر علما شریک تھے۔ وفد نے وزیراعظم کو مدارس کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کا طریقہ کارمزید سہل کرنے میں مدد دیں گے، مدارس میں جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم کی فراہمی میں بھی مدد فراہم کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ کے مطالبات تسلیم کرلیے جس کے تحت حکومت مدارس کی رجسٹریشن کیلئے قانون میں ترمیم لانے پر آمادہ ہوگئی ہے۔ مجوزہ ترمیم کے تحت رجسٹریشن ایکٹ میں سیکشن 21 کا اضافہ کیا جائے گا، اس ترمیم سے مدارس کی رجسٹریشن متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنرز کرسکیں گے۔ وزیراعظم نے وزارت قانون کو قانونی مسودہ جلد تیار کرنے کی ہدایت کردی جب کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن پر طاقتور اداروں کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے پر بھی غیراعلانیہ پابندی ختم کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں