ژوب میں سیلاب متاثرین بے یارو مددگار، گندم بیج کی غیر منصفانہ تقسیم سے زمیندار فاقہ کشی پر مجبور

ژوب (انتخاب نیوز) خون جمانے والی سردی میں سیلاب زدگان کی آہ وپکار۔ حالیہ طوفانی بارشوں میں زراعت لائیوسٹاک اور رہائشی مکانات کے علاوہ انفرا اسٹرکچرز مکمل طور پر تباہ ہوئے، حکومت کا سروے مکمل لیکن تاحال کوئی مالی امداد نہیں بلکہ گندم بیج کی غیرمنصفانہ تقسیم سے زمیندار فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں، خون جمانے والی سردی میں سیلاب زدگان کی آہ وپکار، حکومت فوری طوری پر سردی سے بچاﺅ کا سامان اور اشیا خورونوش فراہم کریں۔ ژوب کے عوامی وسماجی حلقوں نے حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ژوب کے سیلاب زدگان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ناقابل برداشت عمل ہے، پی ڈی ایم اے کی ناقص کارکردگی اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت اور کرپشن کے باعث سیلاب متاثرین فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں، گندم بیج کی غیر منصفانہ تقسیم سے زمینداروں میں مایوسی پھیل چکی ہے، حکومت کے بلندوبانگ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ملک بھر کی طرح ژوب میں بھی آٹے کے بحران سے غریب نادار لوگ نان شبینہ کے محتاج ہوگئے، ذخیرہ اندوز مافیا کے سامنے ڈپٹی کمشنر بے بس، عوام کا پرسان حال کوئی نہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر قدوس بزنجو، کورکمانڈر بلوچستان، چیف سیکرٹری، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ ژوب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے عملی ٹھوس اقدامات، گندم بیج کی غیرمنصفانہ تقسیم کی انکوائری کرکے غفلت برتنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں اور محکمہ پی ڈی ایم اے کی ناقص امدادی سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لیں اور سیلاب زدگان کو سردی سے بچاﺅ کا سامان اور خوراک فراہم کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں