کورونا، ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تو ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ کم پڑ جائیگی، ڈاکٹر سلیم ابڑو

کوئٹہ:ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر سلیم احمد ابڑو نے عید کے دنوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے کرفیو لگانے میں کوئی قباحت نہیں ہے کوروناوائرس کی روک تھام سے متعلق تجاویز حکومت بلوچستان کو بھجوادی ہیں جن پر عملدرآمد کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے آئندہ چند روز میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں حیرت انگیز طورپر اضافہ ہوجائے گاجبکہ کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ دیگر وبائی امراض میں بھی اضافہ ہو گیا ہے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تشخیص کا عمل درست نہ ہونے سے بھی کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے لئے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں میڈیکل ٹیمیں بھجوائی جارہی ہیں ان خیالات کااظہار ڈی جی ہیلتھ بلوچستان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد کار کو بڑھادیا گیا ہے جسکی وجہ سے کیسز میں بھی اضافہ ہوگیا ہے بارہا ہم نے یہ تنبیہ کی کہ بلوچستان حکومت کو فوری طورپر اسکے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے صوبے میں کرفیو لگانے کا فیصلہ کرنا چاہیے کیونکہ صوبے میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے اور اگر لوگوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا تواسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے جگہ کم پڑ جائے گی جہاں تک طبی عملے کی بات ہے تو فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز پیرامیڈیک اسٹاف نرسنگ اسٹاف سمیت محکمہ صحت کا تمام عملہ دن رات محنت کر کے وائرس کو کنٹرول کرنے میں جنگ لڑ رہے ہیں جس میں ہمارے بہت سے ڈاکٹرز بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں انھوں نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر سماجی فاصلوں اور احتیاطی تدابیر کو عوام نے بالائے طاق رکھتے ہوئے خلاف ورزی کی جسکا نتیجہ اب ہمارے سامنے آرہا ہے بلوچستان میں کورونا وائرس کی پھیلتی وباء تشویش ناک ہے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے کرفیو نافذ کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے عید الفطر کے موقع پر عوام کی اکثریت نے سوشل ڈسٹینس اور احتیاطی تدابیر کو بالا ئے طاق رکھ دیااحتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کے منفی نتائج آئندہ ایک دو روز میں برآمد ہونا شروع ہو جائیں گیعوام کی جانب سے کورونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لیا جارہا اس وقت پھیلاؤ کا تناسب لگ بھگ 30 سے 35 فیصد تک ہے عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کیا تو اکتوبر نومبر تک پھیلاؤ کا یہ تناسب 79 فیصد تک جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں