مریم اورنگزیب نے عمران خان کو فارن ایجنٹ قراردے دیا

اسلام آباد(انتخاب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو فارن ایجنٹ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے معیشت کو آگ لگائی، مہنگائی کی تباہی پھیلائی اور آج معیشت کی بات کرتے ہوئے کچھ تو شرم آنی چاہئے ،فارن ایجنٹ جھوٹا مظلوم بننے کی کوشش کر رہا ہے ، عوام کے مجرم کو گھر سے نکال کر جیل بھیجنے کا وقت آگیا ہے ۔عمران خان کے بیان پر جمعہ کی شام اپنے ردعمل میں وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ 90 روز میں کرپشن ختم کرنے، ایک لاکھ نوکری، پچاس لاکھ گھر دینے کی بڑھکیں کیا ہوئیں؟ خوف آپ کو اپنے جرائم سے آ رہا ہے۔خوف اس وقت آنا چاہئے تھا جب قومی خزانے پر آپ ڈاکے ڈال رہے تھے ،خوف اس وقت آنا چاہئے تھا جب توشہ خانہ اور سرکاری عہدوں کی لوٹ سیل لگی ہوئی تھی،خوف اس وقت آنا چاہئے تھا جب بشری اور فرح پنجاب اور ملک کا ہر عہدہ رشوت لے کر بیچ رہی تھیں،آپ کو شوکت خانم ہسپتال کے 30 لاکھ ڈالر نجی کاروبار میں لگاتے خوف نہ آیا ۔معیشت کو آگ لگائی، مہنگائی کی تباہی پھیلائی اور آج معیشت کی بات کرتے ہوئے کچھ تو شرم آنی چاہئے ۔انھوں نے کہا کہ یہ بتائیں 2018 میں ڈالر کتنے کا تھا؟ آٹا چینی کی قیمت کیا تھی؟ پٹرول اور فی یونٹ بجلی کی قیمت کیا تھی؟ فارن ایجنٹ خود گھر میں چھپا بیٹھا ہے اور عوام سے کہتا ہے کہ گھروں سے نکلیں ۔فارن ایجنٹ کو پتہ ہے کہ گھر سے نکلا تو جھوٹ بولنے کی "آزادی” ختم ہو جائے گی،فارن ایجنٹ کا ہر جھوٹ بے نقاب ہوچکا ہے ۔وزیراطلاعات نے کہا کہ معیشت کے قاتل اور عوام کے مجرم کو گھر سے نکال کر جیل بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں