عمران خان اور ان کی ٹیم ملک میں پکنک منانے آئی ہے، احسن اقبال
نارووال:مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ملک میں پکنک منانے آئی ہے،عمران خان نے ڈیڑھ سالوں میں ملک کو تباہ کر دیا ہے، کاروبار زراعت فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں، ملک کو آئین کی عمل داری پر چلانے کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہو گی،نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں آزادی مارچ کی حمایت جاری رکھیں گے۔بارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سات ماہ سے عمران خان حکومت کشمیر کے حوالے سے بھارت پر دباؤ نہیں ڈال سکی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے اور ہم خاموش ہیں، ہم بے بس ہیں کہ او آئی سی کا اجلاس بھی نہیں بلا سکے۔احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو آئین کی عمل داری پر چلانے کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس سے پریشان ہے جبکہ ہمارا کورونا وائرس عمران خان کے منصوبے ہیں جن کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ ن لیگ کی حکومت میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ رکھا تھا جو کم کر دیا گیا جبکہ نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپ اسکیم کو بھی ختم کر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹڈی دل کو بھی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، حکومت ٹڈی دل سے متاثرہ کسانوں کو معاوضہ دے۔