این اے 265 کوئٹہ II کے ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات کی وصولی کا سلسلہ شروع
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے حلقہ این اے 265 کوئٹہ II کے ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات کی وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر سے بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماں سمیت دیگر نے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لئے 43 امیدواروں نے کاغذات حاصل کئے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کی جانب سے 16 مارچ 2023کو حلقہ این اے 265 کوئٹہ ٹو کے ضمنی انتخاب کے لئے ڈی آر او ، آر او اور اے آر اوز تعینات کردیئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے لئے ریجنل الیکشن کمشنرز بھی تعینات کئے ہیں۔ شیڈول کے مطابق 3 فروری کو ریٹرننگ آفیسران نے پبلک نوٹس جاری کیا تھا کہ 6سے 8 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے۔ 9 فروری کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرست شائع اور 13 فروری تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 16 فروری تک متعلقہ ایپلیٹ ٹرائیبونل کے پاس جامع کرائی جاسکیں گی۔ اور ٹرائیبونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ 20 فروری تک کیا جائے گا۔ اور 21 فروری کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست جاری کی جائیں گی اور 22 فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے۔ 23 فروری 2023کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرکے انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے جبکہ پولنگ 16 مارچ 2023کو ہوگی۔


