وزیرِ اعظم نے باب پاکستان کا سنگ بنیاد رکھ دیا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے باب پاکستان کا سنگ بنیاد رکھ دیاہے اور اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقام ہجرت کرنے والے مسلمانوں کی یاد دلاتاہے ، یہاں کے لوگوں نے انصار مدینہ کی طرح مہاجرین کو گلے سے لگایا، باب پاکستان کا منصوبہ دنیا کو قیام پاکستان کی تاریخ بتائے گا، کروڑوں لوگوں نے پاکستان کیلئے قربانیاں دیں ، ہزاروں مہاجرین نے باب پاکستان کے مقام پر قیام کیا ۔انہوں نے کہا کہ نیب کے عقوبت خانے میں کوئی دشمن بھی نہ جائے ، سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ بے گناہ لوگوں کو چن چن کر دیوار سے لگایا گیا ، نیب کے عقوبت خانوں میں بھجوایا گیا ، یہ منصوبہ جہاں اربوں روپے کا غبن ہوا نیب نے ان کو بلا کر پوچھا بھی نہیں؟ دوہرے معیارنے پاکستان کو اس دہانے پر پہنچایا ہے ، نیب کے عقوبت خانوں میں انصاف کا قتل کیا گیا ۔ان کا کہناتھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ساتھ معاملہ طے پا گیاہے ، وہ اس میں سے 50 کینال اراضی کو کمرشل کریں گے اور پھر اس سے حاصل ہونے والی رقم سے باقی سارا منصوبہ مکمل کریں گے ،یہ منصوبہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انڈر آتاہے یعنی وفاق کے انڈر آتاہے ۔


