میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کو 3 دن کے اندر تنخواہیں دیدی جائیں گی، زمرک اچکزئی

کوئٹہ : صوبائی وزیر خزانہ و خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے فنڈز 3 روزمیں جاری کردیئے جائیں گے اور عارضی ملازمین کی تنخواہ 15 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے سامنے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ہڑتالی ملازمین کے احتجاج کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی پبلک اکانٹس کمیٹی کے چیئرمین اختر حسین لانگو، احمد نواز بلوچ، قادر نائل اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ندیم کھوکھر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن اور گریجویٹی کی عدم ادائیگی کے خلاف سراپا احتجاج تھے سوموار کو ملازمین نے ریلی نکالی اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا دھرنے کے شرکاسے صوبائی وزیر خوراک وخزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ ہڑتالی ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ تین روز میں ممکن بنادیا جائے گا اور اس کے لئے فنڈز جاری کئے جائیں گے۔ ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہ 15 ہزار سے 25 ہزار تک بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ جیسے ہی فائل میرے پاس آئے گی میں اس پر اپنا کام مکمل کرکے آگے بھیج دوں گا اس یقین دہانی پر ہڑتالی ملازمین کے نمائندے ندیم کھوکھر نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا اور دھرنے کے شرکاپرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں