پاکستان کو اللہ کے بعد عدلیہ ہی بچاسکتی ہے ، شیخ رشید

راولپنڈی(این این آئی)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 15دن سسرال میں گزارے ،گھبرانے والا نہیں۔لال حویلی میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ دو راتیں اور دو دن مجھ پر بھاری تھے، 15 دن سسرال میں گزارے،گھبرانے والا نہیں، میرے فون،گھڑیاں اور میرے پیسے واپس پہنچائے جائیں ورنہ مقدمہ کرواﺅں گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ساڑھے سات سال قید کاٹ کر نکلا ہوں، پاکستان کو اللہ کے بعد عدلیہ بچا سکتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت منظور ہونے کے بعد شیخ رشید احمد کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا، ان کی ضمانت 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔ سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ وسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج سے ظلم کے خلاف اعلان جنگ ہے، ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے، موت کے منہ سے بھی کامیابی کو چھین کر رہیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اللہ نے ہمت دی اور 16 روز موت کی چکی کو بھی سسرال کا گھر سمجھ کر گلے لگایا، ملک زندگی اور موت کی کشمکش سے گزر رہا ہے جس طرح قائد اعظم نے پاکستان بنایا تھا اس طرح عدلیہ پاکستان کو بچائے گی۔انہوں نے کہا کہ میرے گھر میں پولیس نے ڈکیتی کی ہے، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے، اب یا کبھی نہیں کا وقت آ گیا ہے، ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے، موت کے منہ سے بھی کامیابی کو چھین کر رہیں گے۔سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آج سے ظلم کے خلاف اعلان جنگ ہے، وہ غریب جو ایڑیاں رگڑ کر مر رہا ہے اسکی آواز بنوں گا، ساری قوم ٹوئٹر پر میرا ساتھ دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں