کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے امتحانی پرچہ میں جنسی تعلقات کا متنازعہ سوال، سینیٹ شدید مذمت
اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے امتحانی پرچہ میں جنسی تعلقات سے متعلق انتہائی متنازعہ سوال شامل ہونے کا معاملہ اٹھ گیا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمدآفریدی نے معاملہ کمیٹی کے سپردکردیا، بلوچستان کی حق دو تحریک کی قیادت اور دیگر گرفتاریوں کا معاملہ بھی قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ ایوان میں پیر کو جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمدخان اور سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور کی جانب سے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے متنازعہ امتحانی پرچہ پر بات کی گئی۔سینیٹر مشتاق احمدخان نے عوامی اہمیت کے نکتے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے بی ایس انجئنیرنگ کے امتحانی پرچہ میں جنسی تعلقات سے متعلق انتہائی شرمناک سوال کی شدیدمذمت کرتا ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ ابھی چند دن پہلے کراچی میں بھی ایک بچی کے چہرے پر اردوبولنے پر سیاہی مل دی گئی۔آئین کے مطابق اردوہماری قومی سرکاری عدالتی تعلیمی زبان ہوگی،عدلیہ نے اس بارے میں واضح فیصلہ بھی کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے بی ایس انجینئرنگ کے انگریزی کے پرچہ میں جنسی تعلقات سے متعلقہ انتہائی قابل اعتراج سوال شامل کیا گیا کہ اس پر اظہار خیال کریں ۔ یہ شرم وحیا کے نظام اسلامی تعلیمات، معاشرت، ہماری اقدار، روایات، خاندانی نظام پرڈرون حملہ ہے۔ وہ تعلیمی ادارے جو دینی تہذیبی محافظ ہیں،بدقسمتی وہ ہی دین وتہذیب پرحملہ آور ہیں ۔ ایسا کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی انتظامیہ کی نااہلی ہے۔ متعلقہ افراد کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔ انتظامیہ سے واقعہ میں ملوث عناصر کے بارے میں پوچھا جائے کہ ان عناصر کا تقرر کس نے کیا تھا۔ ایسے واقعات کا تدارک کیا جائے تا کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے معاملہ ایوان بالا کی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپردکردیا۔


