کوئٹہ میں گرانفروشی پر 8 دکانیں سیل، 9 دکانداروں کو گرفتار کرلیا گیا
کوئٹہ: اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی عطا المنیعم نے گرانفروشوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 دکانوں کو سیل کر کے 9 دکانداروں، پتنگ فروشوں، دودھ گھی، خوردنی آئل فروخت کرنے والوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر عطا المنیعم کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ نے پتنگ فروشوں ‘ ملک شاپس دکانداروں اور خوردنی تیل فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 8دکانیں سیل کر دیں۔اے سی سٹی عطا المنعم نے بتایا کہ گوردت سنگھ روڈ پر پتنگوں کی 8دکانیں سیل کی گئیں۔سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت پتنگوں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہے جس پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں گے ان کا کہنا تھا کہ ہم قانون کیخلاف ورزی کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے جبکہ مسجد روڈ سرکی روڈ نیو اڈہ اور ملحقہ علاقوں میں دودھ اور خوردنی تیل و گھی مہنگے داموں فروخت کرنے والے 9دکانداروں کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا۔ اے سی سٹی نے کہا کہ ہم گرفتاریوں کے علاوہ انہیں بھاری جرمانے بھی کر رہے ہیں۔ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔


