نقل کی روک تھام کیلئے اساتذہ اور والدین کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے، ڈی سی کوئٹہ

کوئٹہ : ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے کہا ہے کہ نقل کی روک تھام اور امتحانی مراکز میں سہولیات کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ امیدوران بہترین ماحول میں امتحان دے سکے۔ نقل کی روک کے لیے اساتذہ بالخصوص والدین کو عملی اقداماتاکرنے ہونگے تاکہ نقل جیسے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر مستقبل کے معماروں کو محفوظ رکھا جاسکے۔ لہذا نقل کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں مختلف امتحانی مراکز کے دورے کے موقع پر طلبا اور اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے امتحانی مراکز میں سہولیات،نقل کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات ،ای پیر کی چیکنگ اور ڈیجیٹل حاضر سسٹم کا جائزہ لیا ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے مزید کہا کہ طلبا اپنی ذہنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیم پرخصوصی توجہ مرکوز کریں اور نقل سے چھٹکارہ حاصل کریں۔جس سے تاکہ وہ بہتر انداز میں ملک و قوم کی خدمت ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ نقل ایک ناسور ہے جو ہماری نئی نسل کو جہالت کے اندھیرے میں دھکیل رہا ہے۔صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ اس ناسور کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہیں۔لہذا معاشرے کے تمام افراد کو مل کر عملی جدوجہد کرکے صوبے کے بچوں کو نقل سے بچا کر انہیں علم کی دولت سے آراستہ کرنا ہوگا لہذا آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ نقل جیسی لعنت کا خاتمہ کریں گے اور اپنے بچوں کو پڑھ لکھ کر ایک باشعور شہری بننا میں ان کی ہر طرح سے رہنمائی کریں گے کیونکہ انہی بچوں کو بڑا ہوکر ملک و قوم کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں اج وہی قومیں ترقی کے منزل پر پہنچ چکی ہیں۔ جنہوں نے تعلیم کو اپنا ہتھیار اور قلم کو روشنی بناکر اپنے ملک سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ کیا ہے لہذا ہمیں بھی اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے علم کی شمع کو روشن اور اندھیروں کا خاتمہ کرنا ہوگا کیونکہ اسی کوشش میں ہم سب کی کامیابی اور ملک کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں