توشہ خانہ کیس میں عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی، وارنٹ گرفتاری منسوخ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ جبکہ ان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی اور کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی ہو گئی۔ پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان لڑائی جھگڑے اور آنسو گیس کی آنکھ مچولی کے بعد توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں ہو ئی۔ عمران خان عدالت میں پیش ہوئے بغیر ہی اسلام آباد سے واپس لاہور کے لیے روانہ ہو گئے۔ عمران خان کے وکلا کی جانب سے عدالت میں عمران خان کی عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی اور عدالت سے استدعا کی گئی کہ عمران خان کو گاڑی میں ہی حاضری لگانے کی اجازت دی جائے جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ اسی دوران چیئرمین پی ٹی آئی کچھ دیر احاطہ عدالت میں موجود رہنے کے بعد گاڑی میں واپس چلے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے آج حاضری نہیں لگائی ہے جبکہ شاہ محمود قریشی نے دعویٰ ہے کہ عمران خان کی حاضری کا قانونی عمل مکمل کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں