سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ توہین عدالت کے مرتکب، 9 ہزار ڈالر جرمانہ عائد

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو رشوت دینے کی رقم چھپانے کے کیس میں گواہوں اور دیگر افراد پر الزامات عائد نہ کرنے کے حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 9 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا گیا اور خبردار کیا گیا کہ مزید حکم عدولی پر جیل بھیج دیا جائے گا۔ خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جاری مقدمے کی سماعت کرنے والے جج جسٹس جووان میرکان نے عدالت کے حکم کی خلاف ورزی پر 9 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا اور کہا کہ اگر خلاف ورزی جاری رکھی تو جیل بھیجنے کے لیے غور کیا جائے گا۔ جج نے تحریری فیصلے میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر عائد جرمانہ کافی نہیں ہے لیکن اس سے زیادہ جرمانہ عائد کرنے کے لیے اس عدالت کے پاس اختیار نہیں ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ عدالت اپنے قانونی احکامات کی جان بوجھ خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گی اور اگر حالات کے مطابق ضروری سمجھا گیا تو جیل بھیجنے کی سزا بھی سنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں