ریاض میں کنگ عبداللہ مالیاتی مرکز کے ٹاور پر حوثیوں کا حملہ، عمارتوں کو نقصان پہنچا، پاکستان سمیت کئی ممالک کی مذمت

ریاض(این این آئی)یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودی دارالحکومت ریاض کے اہم تجارتی مرکز کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک بلند ٹاور کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ٹاور اور قریبی عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے جنوبی علاقوں کی جانب داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائل، ڈرون طیارے فضا میں ہی تباہ کر دیے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ اور عرب اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے تصدیق کی کہ شہری آبادیوں، معاشی مراکز پر حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی شہری دفاع کے ادارے نے ابھا اور خمیس مشیط میں ابتدائی انتباہی سائرن بجا کر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا تھا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ متحدہ عرب امارات، پاکستان سمیت خلیجی ممالک نے ریاض پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی سلامتی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان نے ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ جارحانہ اقدام مملکت سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ جارحانہ اقدام مملکت سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، پاکستان سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانے سے بے گناہ افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑتی ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں، ایسے قابل مذمت حملوں کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کے اپنی خودمختاری و سالمیت کے دفاع اور اپنے شہریوں و مقیم افراد کے تحفظ کے جائز حق کی حمایت کرتے ہیں،پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں