لیبیا کے بنغازی بحری اڈے پر اسلحہ ڈپو میں بڑا دھماکہ،علاقے میں خوف و ہراس
طرابلس (مانیٹرنگ ڈیسک)لیبیا کے شہر بنغازی میں بحری فوجی اڈے پر واقع اسلحہ کے ڈپو میں زور دار دھماکہ ہوا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دھماکے کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں میں بھی لرزش محسوس کی گئی جبکہ دھماکے کے مقام سے دھوئیں کے بلند بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ بحری اڈے کے اس حصے میں ہوا جہاں اسلحہ اور فوجی سازوسامان ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی و حفاظتی کارروائیاں شروع کر دیں۔ بنغازی کے بحری اڈے پر اسلحہ و گولہ بارود کے ڈپو میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ لیبیا کی سول ڈیفنس ٹیموں کو آگ پر قابو پانے اور صورتحال کو سنبھالنے کے لیے فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔دھماکہ اتوار کی صبح بحری اڈے کے اسلحہ ڈپو میں ہوا۔ دھماکے کے بعد ڈپو میں آگ لگ گئی۔ امدادی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔شہریوں کو جائے وقوعہ کے قریب جمع ہونے سے منع کیا گیا۔ دھماکے کی وجہ، ممکنہ ہلاکتوں یا زخمیوں اور مالی نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔


