ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر مالک بلوچ
کوئٹہ (آن لائن) نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بسوں، ٹرکوں،آئل ٹینکرز اور دیگر ٹرانسپورٹ کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز کو ایک طرف مختلف تنظیموں کی جانب سے گاڑیاں روکنے، اغوا کرنے اور تاوان طلب کرنے جیسے مسائل کا سامنا ہے، تو دوسری جانب مختلف چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری نے ان کا کاروبار اور روزگار شدید متاثر کردیا ہے،انہوں نے کہا کہ زراعت کے بعد بلوچستان کے عوام کے روزگار کا ایک بڑا ذریعہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ ہے جس سے ہزاروں خاندانوں کا معاشی مستقبل وابستہ ہے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور انہیں جان و مال کے تحفظ سمیت کاروبار کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پاکستان اسٹیٹ آئل کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف آئل سے وابستہ طبقے کو بروقت تیل فراہم نہیں کیا جاتا جبکہ دوسری جانب یہ پابندی عائد کی گئی ہے کہ اگر تین ماہ کے اندر تیل نہیں اٹھایا گیا تو لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔ یہ کیسی پالیسی اور کیا منطق ہے کہ جب تیل فراہم ہی نہیں کیا جائے گا تو متعلقہ افراد مقررہ مدت میں اسے کیسے حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کو فوری طور پر طلب کرکے ان کے مسائل سنے چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری خاتمہ کیا جائے اور بسوں، آئل ٹینکرز سمیت تمام ٹرانسپورٹ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔


