کچے میں فوجی آپریشن کیلئے سندھ حکومت فیصلہ کرے گی، وفاقی وزیر داخلہ

سکھر (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کچے میں فوج سے آپریشن کی گیند سندھ حکومت کی کورٹ میں ڈال دی۔ سکھر میں نادرا آفس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کراچی اور کچے میں امن و امان کی صورتحال کے مسائل کا حل نکالا جائےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں کام کرنے کا وقت ہے اور ہمیں کام کرکے دکھانا ہوگا، میں خود یہاں صورتحال کا جائزہ لینے آیا ہوں، سکھر میں پاسپورٹ اور نادرا کے حوالے سے مشکلات ہیں، ان کو بھی حل کریں گے، سکھر کا پاسپورٹ آفس جو 2007 سے زیر تعمیر ہے وہ 6 ماہ میں تعمیر کرکے عوام کو دیں گے اور نادرا کے آفس کے حوالے سے بھی مسئلہ حل کریں گے۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا کچے میں آپریشن کے لیے آرمی کو طلب کیا جاسکتا ہے؟ اس پر محسن نقوی کاکہنا تھا کہ جو صوبائی حکومت کہے گی اسے پورا سپورٹ کریں گے، سندھ میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کی ہر معاونت کو تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں