یاسمین لہڑی کے والد کا اغوا افسوسناک اور ضلع میں پھیلی بدامنی کا شاخسانہ ہے، جلد بازیاب کرایا جائے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (ویب ڈیسک) نیشنل پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین لہڑی کے والد، میر نور احمد لہڑی کا اغواءضلع کچھی میں بڑھتی ہوئی بدامنی کا ایک نہایت تشویشناک اور افسوسناک واقعہ ہے۔ نیشنل پارٹی ضلع کچھی کے ضلعی ترجمان نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ضلع کچھی میں روڈ ڈکیتیوں کے بعد شہریوں کے اغواءجیسے سنگین واقعات امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔ یہ صورتحال سیکورٹی اداروں، ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، اسپیشل روڈ فورسز اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر ایک سنجیدہ سوالیہ نشان ہے اور فوری توجہ کی متقاضی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی اس انسانیت سوز واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور حکومتِ بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ میر نور احمد لہڑی کو فوری، محفوظ اور باعزت طور پر بازیاب کرایا جائے، اغواءمیں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور ضلع کچھی میں امن و امان کی بحالی کے لیے موثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں پھیلے ہوئے خوف و ہراس کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام قبائلی معتبرین، سماجی شخصیات، اسٹیک ہولڈرز، سیاسی و مذہبی قیادت اور امن پسند عوام کو اپنی اجتماعی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں