معذور افراد معاشرے کا حصہ ہیں، وہ کسی طرح عام آدمی سے صلاحیتوں میں کم نہیں،سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹہ پر عملدرآمد ہونا چاہئے ،رضا الرحمن
کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سینئر صحافی و آل ڈس ایبلڈ سوسائٹی بلوچستان کے سرپرست اعلیٰ رضا الرحمن نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں جو اپنی خداداد صلاحیتوں سے ملک و قوم کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں ، ضرورت اس کی ہے کہ انہیں بہتر مواقع فراہم کیے جائیں اور حکومت سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنائے ، معذور سفید چھڑی کا دن بھرپور انداز میں منانا چاہیے ، معذورافراد کسی طرح عام افراد سے صلاحیتوں میں کم نہیں معذور افراد اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر خود کو معاشرے میں منوائیں، معذور افراد کے لئے سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹہ پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ تقریب سے تنظیم کی صدر عائشہ اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معذور افراد کو اہمیت نہیں دیتی ، وزیراعلی نے ان کے لئے پروگرامز کے انعقاد کا اعلان کیا مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوا ، ہم معذور افراد کے حقوق کیلئے کام کررہے ہیں اور اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔تنظیم کے جنرل سیکرٹری ثناءاللہ مری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کی فلاح و بہبود کا سفر 2000ءمیں ضلع کوہلو سے شروع کیا یہ سفر بہت مشکل تھا تاہم اس دوران کوہلو اور بارکھان میں دو ہزار ویل چیئرز گھر گھر جاکر مستحقین میں تقسیم کئے۔ تقریب سے سمیع اللہ وقار احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔


