جھل مگسی میں بزرگ شہری گھر سے مردہ حالت میں برآمد، لاش تین روز پرانی ہے، پولیس
جھل مگسی (یو این اے) جھل مگسی میں جامع مسجد کے قریب ایک بزرگ شہری اپنے گھر سے مردہ حالت میں برآمد ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفی کی شناخت فیض محمد خاصخیلی کے نام سے ہوئی ہے، جو گھر میں اکیلے رہائش پذیر تھے۔ ذرائع کے مطابق متوفی کا بیٹا اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گرمیوں کی تعطیلات گزارنے سندھ گیا ہوا تھا۔ کئی روز تک گھر سے باہر نہ آنے اور مکان سے بدبو آنے پر پڑوسیوں کو تشویش ہوئی، جنہوں نے گھر جا کر دیکھا تو فیض محمد خاصخیلی مردہ حالت میں پائے گئے۔ اطلاعات کے مطابق متوفی کی وفات تقریبا تین روز قبل ہوچکی تھی، جس کے باعث لاش سے بدبو پھیلنے لگی۔ اطلاع ملنے پر متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ضروری قانونی کارروائی کے بعد میت ورثا کے حوالے کی جائے گی۔


