فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج، امریکی طلبہ نے کولمبیا یونیورسٹی کی عمارت پر قبضہ کرلیا

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں غزہ میں جاری مظالم کے خلاف طلبا کا احتجاج جاری ہے، فلسطین کے حامی احتجاجی طلبا کی جانب سے کولمبیا یونیورسٹی کے کیمپس میں لگائے گئے خیموں کو ہٹانے سے انکار کے بعد یونیورسٹی حکام نے طلبا کو معطل کرنا شروع کردیا ہے، جس کے جواب میں طلبا نے اکیڈمک بلڈنگ ہیملٹن ہال پر قبضہ کرلیا۔ خبر رساں ایجنسی ”روئٹرز“ کے مطابق کولمبیا یونیورسٹی نے طلبا کومعطل کرنے کی کارروائی اس وقت شروع کی جب طلبا تنظیم نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ دھرنا ختم کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کے لیے ہزاروں فلسطینیوں کے حامی طلبا نے امریکی یونیورسٹیوں میں کئہی روز سے احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی کے صدر نعمت منوش شفیق کے مطابق احتجاج کے منتظمین اور یونیورسٹی حکام کے درمیان کئی روز تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ مظاہرین کو خیمے ہٹانے پر راضی کرنے میں ناکام رہی۔ جس کے بعد یونیورسٹی نے احتجاج کرنے والے طلبا کو انتباہی خط بھیج کر خیمے ہٹانے کی آخری تاریخ مقرر کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں