بلوچستان اسمبلی کی آسامیاں پبلک سروس کمیشن کے بغیر مشتہر کرنے کا عمل بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج
کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان اسمبلی میں خالی آسامیوں کوبلوچستان پبلک سروس کمیشن کے بغیرمشتہر کرنے کا عمل بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کردیاگیا۔بدھ کے روز سلمان سنجرانی ایڈووکیٹ نے ساتھی وکلاء مبشر خان کاکڑ اور شہریار علی کے ہمراہ بلوچستان اسمبلی کی جانب سے مشتہر کی گئی ملازمتوں کے خلاف آئینی درخواست بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر کر دی ہے۔ درخواست میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی نے متعلقہ اسامیوں کو بلوچستان پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کو ریفر کیے بغیر اشتہار جاری کیا، جو آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزاروں کے مطابق بھرتیوں کا عمل شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کے منافی ہے، جس پر عدالت سے مداخلت کی استدعا کی گئی۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے آئینی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔سلمان سنجرانی ایڈووکیٹ کے مطابق عدالت عالیہ نے کیس کے حتمی فیصلے تک متعلقہ حکام کو کسی بھی قسم کی حتمی بھرتیوں یا تقرریوں سے روکنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔


