سبی اور کولپور میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ریل ٹریک متاثر، کوئٹہ سے ٹرین سروس معطل کردی گئی، ریلوے حکام
کوئٹہ (آن لائن) مشکاف سبی ریلوے ٹریک پر دھماکہ سے 3فٹ سے زائد ریلوے ٹریک اڑ گیا جبکہ کوئٹہ اور کولپور کے درمیان ریلوے ٹریک کے درمیان دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ٹریک محفوظ رہا جبکہ ریلوے حکام کو سیکورٹی فورسز کی جانب سے کلیئر نس نہ ملنے کے باعث کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اور کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہفتہ کو کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس اسپیشل صبح 8بجے اور دوسری جعفر ایکسپریس ٹرین اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوگی۔ ریلوے ذرائع کے مطابق گزشتہ شب مشکاف اور سبی کے درمیان ریلوے ٹریک پر نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 3فٹ سے زائد ریلوے ٹریک کا ٹکڑا اڑ گیا۔ ریلوے حکام کی جانب سے واقع کی اطلاع ملنے پر مذکورہ ریلوے لائن کی مرمت کردی گئی، دوسری جانب کولپور سے سپیزنڈ کے درمیان ریلوے ٹریک کے قریب نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی مالی نقصان نہیں ہوا۔ سیکورٹی کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے جمعہ کو کوئٹہ سے پشاور جانی والی جعفر ایکسپریس اور کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل کو منسوخ کر دیا گیا۔ ریلوے حکام نے ہفتہ کو جعفر ایکسپریس اسپیشل صبح 8 بجے اور دوسری جعفر ایکسپریس ٹرین اپنے مقررہ وقت پر روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔


