سوشل میڈیا کے ذریعے ملک کیخلاف منفی پروپیگنڈا پھیلانے کی کوششیں کی جاتی ہیں، ظہور بلیدی
تربت ( آئی این پی ) صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات، ظہور احمد بلیدی نے منگل کے روز شہید ذاکر بلوچ ڈگری کالج ہوشاب کا دورہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، ڈویڑنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز مکران برکت اسماعیل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالروف بلوچ کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان اور سیکیورٹی اہلکار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر پرنسپل شہید ذاکر بلوچ ڈگری کالج ہوشاب راشد بلوچ نے کالج پہنچنے پر صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی کا پرتپاک استقبال کیا ۔دورے کے دوران صوبائی وزیر نے کالج کے طلبہ و طالبات سے ایک انٹرایکٹو سیشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذاکر بلوچ ڈگری کالج ہوشاب بلوچستان کے نمایاں اور فعال تعلیمی اداروں میں شامل ہے، جہاں طلبہ و طالبات کو یکساں اور معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوشاب جیسے پسماندہ علاقے میں نوجوانوں کا شوق اور لگن سے تعلیم حاصل کرنا خوش آئند امر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذاکر بلوچ ڈگری کالج ہوشاب ان کے دل کے قریب ہے کیونکہ اس کی بنیاد رکھنے میں انہوں نے 2008ءمیں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہاں کے طلبہ و طالبات محنت اور لگن سے صوبے اور ملک کے اعلیٰ میڈیکل اور انجینئرنگ اداروں میں کامیابی حاصل کر کے اپنے علاقے کا نام روشن کریں گے۔صوبائی وزیر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے ذریعے ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلانے کی کوششیں کی جاتی ہیں، جن سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ طلبہ و طالبات اس طرح کے منفی اثرات سے خود کو محفوظ رکھتے ہوئے اپنی تعلیم پر پوری توجہ مرکوز کریں گے۔آخر میں صوبائی وزیر نے طلبہ و طالبات کے مسائل اور شکایات کو بغور سنا اور ان کے حل کے لیے مو¿ثر اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔


