کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، عملہ اپنی ٹریننگ اور ذمہ داریاں انجام دے، ڈپٹی کمشنر
کوئٹہ (آئی اےن پی) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے زیر صدارت 28 دسمبر 2025 کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر کالجز محمد حسین بلوچ، ضلعی الیکشن کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، بلوچستان یونیورسٹی، بیوٹمز یونیورسٹی، ایس بی کے یونیورسٹی اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام جامعات، اسکولز اور کالجز کے اسٹاف کو الیکشن ٹریننگ دی جائے گی اور انہیں بلدیاتی انتخابات میں مختلف ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ہدایت کی کہ تمام عملہ الیکشن ٹریننگ مکمل کرے اور اپنی ڈیوٹیاں ذمہ داری سے سرانجام دے، بصورت دیگر غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں شفاف، منصفانہ اور پرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔


