عوام پیپلز پارٹی کو ہی اپنے مسائل کا واحد اور حقیقی حل سمجھتے ہیں، علی مدد جتک

کوئٹہ(این این آئی)زرغون ٹاون کوئٹہ یونین کونسل 16 اور وارڈ نمبر 4 سے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے آزاد کونسلر صدام اچکزئی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔ شمولیتی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک، پارٹی کے سینئر رہنما میر چنگیز خان جمالی اور روزی خان کاکڑ صوبائی جنرل ربانی خان سمیت دیگر پارٹی عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں روز بروز عوامی نمائندوں اور مختلف طبقات کی شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام پیپلز پارٹی کو ہی اپنے مسائل کا واحد اور حقیقی حل سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کی جدوجہد کی ہے اور بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنایا ہے۔حاجی علی مدد جتک کا کہنا تھا کہ صدام اچکزئی جیسے نوجوان اور متحرک عوامی نمائندوں کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور بلدیاتی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے شامل ہونے والے نمائندے پارٹی منشور کے مطابق عوامی خدمت میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر صدام اچکزئی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کے وڑن اور عوام دوست پالیسیوں سے متاثر ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کی خدمت، مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پارٹی قیادت کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔پارٹی رہنماوں نے صدام اچکزئی کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں