دہشتگرد عناصر خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی چینلز فعال ہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی خطے کے امن و سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے اور اقوام متحدہ کی رپورٹ پاکستان کے مو¿قف کی واضح تائید کرتی ہے۔ اسلام آبادمیں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، دہشتگردوں کو افغان سرزمین پر معاونت ملنے کے قابل اعتماد شواہد ہیں، پاکستان کو دہشتگردعناصر کی حمایت سے متعلق انسانی اوردیگر انٹیلیجنس معلومات حاصل ہیں، دہشتگردوں کی تعداد، نام اورمالی معاونت سے متعلق معتبر رپورٹس موجود ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی چینلز فعال ہیں، دونوں ممالک کے سفیر اپنے اپنے دارالحکومتوں میں موجود ہیں، دوطرفہ معاملات سفارتی ذرائع سے زیرِ بحث آتے رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں ہونے والی علاقائی میٹنگ میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی پر بات ہوئی، اجلاس میں ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروہوں کامعاملہ وسیع تناظر میں زیرِ بحث آیا، تہران میں ہمسایہ ممالک کے خصوصی نمائندوں کا اجلاس علاقائی میکنزم کا حصہ تھا، علاقائی میکنزم اتفاقِ رائے اور مشاورت کے لیے اہم ہیں۔ ترجمان کے مطابق بین الاقوامی استحکام فورس کے حوالے سے بعض عالمی دارالحکومتوں میں مشاورت جاری ہے مگر پاکستان کو اس معاملے پر کسی مخصوص درخواست سے آگاہ نہیں کیا گیا اور اس فورس سے متعلق پاکستان نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں