ایرانی حملوں میں مشرق وسطیٰ میں موجود امریکا کی تنصیبات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، امریکی جریدے کی رپورٹ

کراچی (ویب ڈیسک) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران کے حملوں کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی تنصیبات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جب کہ اخبار نے سیٹلائٹ تصاویر بھی جاری کردیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے دوران ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اہداف پر ڈرون اور میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں کم از کم 17 امریکی تنصیبات اور مقامات کو نقصان پہنچا ہے جب کہ متعدد امریکی فوجی ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ ایران نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف جوابی کارروائیوں میں خطے بھر میں امریکی فوجی اڈوں، سفارتی تنصیبات اور دفاعی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر، تصدیق شدہ سوشل میڈیا ویڈیوز اور امریکی و ایرانی حکام کے بیانات کی بنیاد پر کم از کم 17 امریکی مقامات کو نقصان پہنچنے کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے کئی تنصیبات کو ایک سے زائد مرتبہ نشانہ بنایا گیا۔ امریکی حکام کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد ایران نے ہزاروں ڈرون اور میزائل فائر کیے جن میں سے زیادہ تر کو امریکا اور اس کے اتحادیوں نے روک لیا تاہم کم از کم 11 امریکی فوجی اڈوں یا تنصیبات کو نقصان پہنچا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں