2025سے اب تک اہم شعبہ جات میں داخل مریضوں کو ادویات وطبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، ترجمان سول اسپتال
ؓٓکوئٹہ ( آئی این پی ) ترجمان سندیمن پروونشل ہسپتال (سول ہسپتال)کوئٹہ و محکمہ صحت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے پبلک اکانٹس کمیٹی (پی اے سی)کے آڈٹ پیراز سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیرِ گردش آڈٹ پیراز کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے، جن کا بنیادی تعلق 2017سے 2022کے درمیانی عرصے سے ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سرکاری ریکارڈ مکمل اور محفوظ ہے جبکہ پی اے سی کی جانب سے محکمہ صحت کو 15روز میں جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس پر قواعد و ضوابط کے مطابق عملدرآمد جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق سندیمن پروونشل ہسپتال کوئٹہ عوام کو بلاتعطل اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ 2025سے اب تک ہسپتال کے اہم شعبہ جات میں داخل مریضوں کو ادویات اور دیگر ضروری طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ شعبہ امراضِ قلب میں مفت اینجیوگرافی اور اینجیوپلاسٹی، شعبہ امراضِ نسواں و زچگی میں نارمل ڈلیوری اور آپریشن، میڈیسن میں مفت علاج و ادویات، جبکہ جنرل سرجری میں مفت آپریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اسی طرح شعبہ اطفال میں مفت انکیوبیٹر سہولیات سمیت ریمیٹولوجی، پیڈیاٹرک سرجری، ریڈیالوجی، حادثات اور فزیوتھراپی کے شعبوں میں بھی علاج معالجے کی سہولیات جاری ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر آڈٹ پیراز کو موجودہ ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی سے جوڑ کر پیش کرنے سے عوام میں غیر ضروری تشویش اور ابہام پیدا ہوا ہے۔ ڈاکٹرز اور معاون طبی عملہ پیشہ ورانہ ذمہ داری اور محنت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے، جبکہ ہسپتال انتظامیہ مریضوں کو ضروری علاج اور دیکھ بھال کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ صحت اور ہسپتال انتظامیہ انتظامی شفافیت، جوابدہی اور عوام کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے عزم پر قائم ہیں۔


