ایران میں آئی ایس آئی ایس کے 2 افراد کو پھانسی، 3 کو عمر قید کی سزا

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک ) ایران میں گزشتہ برس شاہ چراغ کے مزار پر فائرنگ کرکے 15 افراد کو قتل کرنے کے الزام میں آئی ایس آئی ایس سے تعلق رکھنے والے 2 افراد کو پھانسی جبکہ 3 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبے فارس کی عدالتوں کے سربراہ کاظم موسوی نے بتایا کہ ان افراد کو سزاﺅں کیخلاف اپیل کا حق ہے اگر اپیل میں بھی سزا برقرار رکھی جاتی ہے تو مجرمان کی سزاﺅں پر عمل درآمد کردیا جائے گا۔ پھانسی کی سزا پانے والے دونوں مجرموں نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔ دونوں تاجک النسل ہیں اور تعلق آئی ایس آئی ایس افغانستان سے ہے جبکہ ایک حملہ آور زخمی حالت میں پکڑا گیا تھا جو دوران علاج چل بسا تھا۔ اس کیس میں مزید 3 تاجک شہریوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ تینوں بھی افغانستان سے تربیت یافتہ تھے اور آئی ایس آئی ایس کے لیے کام کرتے تھے۔ خیال رہے کہ تاجکستان کے ایک ہزار سے زائد شہری آئی ایس آئی ایس سے منسلک ہوچکے ہیں۔ تاجک عدالت نے گزشتہ ماہ پرویز نامی شخص کو آئی ایس آئی ایس کے لیے ملک سے نوجوانوں کو بھرتی کرنے کے الزام میں عمر قید سنائی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں