ملک دشمن عناصر امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، نواب ثناءاللہ

کراچی، کوئٹہ (این این آئی) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماءسابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈا میں تخریب کاروں کے حملے میں فوج کے سینئر آفیسر بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی اور ایک جوان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ حملے کی بھر پور مذمت کرتا ہوں۔ بعض عناصر امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، یہ سانحہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ نواب ثناءاللہ خان زہری نے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہو کہا کہ افواج پاکستان کے آفیسران نے مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ جبکہ سرحدی علاقے میں دشمن کی یہ کارروائی بزدلانہ اقدام ہے۔ نواب ثناءاللہ خان زہری کا مزید کہنا تھا کہ تخریب کار اپنے مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، قوم ملک دشمنوں کیخلاف متحد ہے، ہماری افواج مسلسل جانوں کے نذرانے پیش کررہی ہے۔ تخریب کاروں کے خلاف لڑتے ہوئے جان نچھار کرنے والے جوانوں کو آج پوری قوم خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں