ویسٹ انڈیز کیخلاف جنوبی افریقا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا

سنچورین (مانیٹرنگ ڈیسک ) جنوبی افریقا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا نیا عالمی ریکارڈ بنادیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاوور پلے (6 اوورز) میں جنوبی افریقا نے بغیر کسی نقصان کے 102 رنز بنالیے اور یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے بڑا پاوور پلے اسکور ہے۔ اس سے قبل پاور پلے کا سب سے بڑا ٹوٹل 98 رنز ویسٹ انڈیز کا تھا۔ جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شسکت دے دی اور اس کے ساتھ ہی کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔ جنوبی افریقا نے 259 رنز کا ہدف حاصل کرکے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا نیا ورلڈ ریکارڈ بنادیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوبی افریقا نے سب سے بڑا کامیاب تعاقب مکمل کرلیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 244 رنز کے کا ہدف کامیابی سے عبور کیا تھا۔ سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں دونوں ٹیموں کا سب سے بڑا مجموعی ٹوٹل بھی بن گیا اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی مرتبہ مجموعی طور پر 500 سے زائد رنز بنے، دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 517 رنز بنے۔ جنوبی افریقا کا 259 کے ہدف کا حصول ہر طرح کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا کامیاب ترین ہدف کا تعاقب ہے جس میں فرنچائز کرکٹ، ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ سب ہی کچھ شامل ہے۔ اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بن گیا۔ میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 35 چھکے لگائے، اس سے قبل 2022 میں بلغاریہ اور سربیا کے میچ میں 33 چھکے لگے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی اننگز میں 22 چھکے لگاکر ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی برابر کیا، ویسٹ انڈیز نے افغانستان کے خلاف 22 چھکوں کا ریکارڈ برابر کیا۔ میچ میں مجموعی طور پر ریکارڈ 394 رنز چوکوں اور چھکوں کی مدد سے اسکور ہوئے، اس سے قبل ایک میچ میں باونڈریز سے سب سے زیادہ رنز 344 بنے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں