کورونا وائرس،سعودی مساجد میں درس قرآن، دینی ورکشاپس اور حفظ قرآن کلاسز بند

ریاض :سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف اختیار کردہ احتیاطی تدابیر کے تحت مملکت کی تمام مساجد میں دینی لیکچرز، دعوتی پروگرامات، خواتین کیلیے جاری دینی اور علمی ورکشاپس اور مساجد میں حفظ قرآن کی کلاس پر عارضی طورپر پابندی عاید کی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور ودعوت ارشاد عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے ایک بیان میں کہا کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مملکت کی تمام مساجد میں جاری دعوتی، دینی اور تبلیغی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ ملک کی مساجد میں دینی نوعیت کی سرگرمیاں بند کرنے کا مقصد وزارت صحت کی طرف سے اختیار کردی حفظان صحت کے طریقہ کار عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔سعودی وزیر برائے مذہبی امور کا کہنا تھا کہ تمام مساجد کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں جن میں انہیں بتا دیا گیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مساجد میں جاری تمام دعوتی اور تعلیمی سرگرمیاں بند کردیں۔البتہ آن لائن سرگرمیاں جاری رکھی جا سکتی ہیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں کئی ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔ کرونا سیمتاثرہ علاقے القطیف کو سیل کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں