وفاقی حکومت مزدوروں کے خلاف سازشیں بند کرے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک اہم بیان میں وفاقی حکومت کوتنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ریاست کے ماتحت اداروں کے مزدوروں کے خلاف سازشیں بند کرے۔ سرکاری، نیم سرکاری یا ریاستی کارپوریشنز کے ملازمین کو اگر نوکریوں سے نکالا گیا تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔ عمران خان اور ان کی کابینہ کے کچھ ارکان افراتفری کی ایسی صورت حال پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ ریاستی کارپوریشنز ان کے منظورنظر افراد کی نذر ہوجائیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ قومی ائیرلائن اور پاکستان اسٹیل ملز وہ قومی اثاثے ہیں جو پہلے دن سے پی ٹی آئی حکومت کے نشانے پر ہیں۔پی ٹی آئی منظم طریقے سے ریاستی کارپوریشنز کے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندان کے لاکھوں افراد کے روزگار سے کھیل رہی ہے۔ پی آئی اے میں لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ اور یونین پر پابندی ایک غیرآئینی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کو بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے حکومتی اقدامات اس راز کو بھی فاش کررہے ہیں کہ حکومت ادارے فروخت کرنا چاہتی ہے۔ عمران خان نے اسٹیل ملز کے دروازے پر کھڑے ہوکر کہا تھا کہ ان کے پاس ماہرین ہیں جو ادارے کو اپنے پائوں پر کھڑا کرسکتے ہیں۔عمران خان اپنا وعدہ بھول کر اب ان افراد کے مقاصد کی تکمیل میں لگ گئے ہیں جو ریاستی اداروں کو اپنے منظورنظر افراد کو فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کا ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ دراصل ایک جھانسہ تھا جو غریبوں اور بیروزگاروں کو دیا گیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کسی سرکاری شعبے کی ڈائون سائزنگ نہیں ہونے دے گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی بے روزگار کرنے اور نجکاری کے حکومتی اقدامات کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ذمہ داریوں سے فرار کے خلاف پی پی پی قوم کی رہنمائی کرے گی۔ کرونا وائرس کی وبا کے دنوں میں مزدوروں کو نوکریوں سے نکالنا سفاکیت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں