آزاد اور غیر جانبدارانہ صحافت مستحکم اور پائیدار جمہوریت کی ضمانت ہے، نواب ثنا اللہ
خضدار (آن لائن) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے صحافی معاشرے کا آئینہ دار ہوتے ہیں اس لئے آزاد اور غیر جانبدارانہ صحافت مستحکم اور پائیدار جمہوریت کی ضمانت ہے۔ پیپلز پارٹی آزاد صحافت کے بغیر جمہوریت کو نامکمل تصور کرتی ہے۔ صحافت کسی بھی معاشرے کا آئینہ دار ہوتی ہے اور ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت سے اسکی اہمیت مسلمہ ہے اقتدار میں ہو ں یا حزب اختلاف میں ہم نے اور ہماری پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کی علمبردار رہی ہے۔ خصوصاً میں نے اپنے دور اقتدار میں حکومتی پالیسیوں اور اقدامات پر صحافیوں کی تنقید کو خندہ پیشانی سے قبول کیا ہے اور اس تنقید کو اپنی کارکردگی کا آئینہ سمجھ کر بہتری کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میںنے صحافیوں کے مسائل کے حل اور انکی بہبود کے لئے ہر ممکن عملی اقدامات کئے چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے مزید کہا کہ صحافت کے عالمی دن کےموقع پر صحافیوں کے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں خصوصا ان صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پیپلز پارٹی آزادی صحافت اور اظہار رائے کے آزادی کی سب سے بڑاحامی ہے میڈیا پر پابندیاں جمہوریت کو کمزور اور معاشرے میں تقسیم وہ انتشار کا سبب بنتی ہے۔


