پی سی بی مثبت رویہ اپناتے ہوئے بھارت جاکر ورلڈ کپ کھیلے، شاہد آفریدی

کراچی (انتخاب نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارت جاکر ورلڈکپ 2023ءکھیلنے اور ٹرافی جیت کر آنے پر زور دیا ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) اتنا اٹل کیوں ہے اور کیوں کہا جارہا ہے کہ ہم بھارت نہیں جائیں گے، پی سی بی کو چیزوں کو واضح کرنے اور یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ایک انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ہے جسے مثبت لینا چاہیے ، جائیں اور کھیلیں۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمیں اپنے لڑکوں سے کہنا چاہیے کہ جائیں اور ٹرافی جیت کر لائیں پوری قوم آپ کے پیچھے کھڑی ہے، پاکستان کی ورلڈکپ میں جیت نہ صرف بڑی ایک جیت ہوگی بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی ) کے لیے زوردار طمانچہ ہوگا۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے پاس بہت سے آپشن موجود نہیں ہیں اس کے بجائے پی سی بی ورلڈکپ کے حوالے سے دورہ بھارت کیلئے مثبت ہونے کی ضرورت ہے یہی نہیں ٹرافی جیت کر لانے سے روایتی حریفوں کو بھی واضح پیغام دے سکتے ہیں،بھارت جائیں اچھی کرکٹ کھیلیں اور ٹرافی جیت کر یہ بتائیں کہ ہم کہیں بھی جاکر کھیل سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں