اقوام متحدہ کے آرٹیکیل کے مطابق پاکستان فلاحی نہیں سیکورٹی اسٹیٹ کی حیثیت رکھتا ہے، مولانا شیرانی

کوئٹہ : رہبر جمعیت مولانا محمد خان شیرانی نے کہاہے کہ مسلم ممالک کی حیثیت مفتوح کی اور مغربی قوتوں کا مقام فاتحین کا ہے مسلم ممالک کا حکومتی نظم آزاد نہیں بلکہ مغرب کی جاگیر کی نیابت ہے، پاکستان میں ملک برائے اسٹیبلشمنٹ ہے اسٹیبلشمنٹ برائے ملک نہیں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کورٹ کوئٹہ کے بار روم میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مفتوح مسلم دنیا میں حکومتی زعما کا کردار جاگیر دار اور مزارعین کے درمیان رابطہ کار کا کام دینے والے منشیوں کا ہے دنیا کے موجودہ نقشے میں مفتوح مسلم ممالک فاتح قوتوں کے درمیان منقسم ہے اور اقوام متحدہ کے آرٹیکل 49 میں اس قسم کے ممالک کے حکومتی نظم کو” غیر ذاتی اور امانتی انتظام” کا عنوان دیا گیا ہے ان امانتی خطوں کا نظم بطور امانت اسٹیبلشمنٹ کے پاس رکھا گیا ہے ایسے ممالک کی یہ خصوصیت ہوتی ہے کہ یہ فلاحی مملکت نہیں بلکہ سیکورٹی اسٹیٹ کی حیثیت سے کام کرتی ہیں اور سیکورٹی اسٹیٹس کا مزاج یہ ہوتاہے کہ اپنے شہریوں کو قاتل مجرم اور ڈاکو بناتی ہیں تاکہ وہ مجرم بن کر ان کے قابو میں رہیں اور پھر ان کے ذریعے حکومت چلائی جائے اس وجہ سے یہاں لوگ گاڑی کی ڈگی میں بیٹھ کر منصب و اقتدار کی بھیک مانگنے جاتے ہیں بعض کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ دم ہلاکر ہمارے پاس آتے ہیں اور بعض لیڈروں کے بارے میں شریک مجلس ساتھیوں کی جانب سے ایسی باتیں سامنے آتی ہیں کہ انہیں ننگی گالیاں سنائی گئی اور وہ سر جھکا کر سنتے رہیں انہوں نے کہا کہ غلامی ذلت اور مظلومیت باہر سے انسان کے اوپر مسلط نہیں ہوتے بلکہ انسان کے وجود کے اندر خوف اور لالچ کی صورت میں اس کا طلب اور داعیہ پہلے پیدا ہوتا ہے اور ذلت و مظلومیت بعد میں آتی ہے کرائے کے عادی لوگ اپنے آپ کو عزت و وقار کے مقام اور انسانی اقدار پر نہیں لاسکتے انہوں نے کہا کہ اگر موقف مدلل اور معقول ہو اور لیڈر کی کردار میں مضبوطی اور استقامت ہو تو لوگوں کے آنے یا ساتھ چھوڑنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا لہذا مشکل حالات میں ایک تو جزباتی بن کر معاملات میں مزید الجھا پیدا کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے اور دوسرا یہ کہ مایوسی کی وجہ ہمت ہار کر بیٹھ جانے سے گریز کرنا چاہیے اس موقع پر صدر کوئٹہ بار ملک عابد کاکڑ جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ فناس سیکرٹری عبد اللہ خان اور الجمعیت لائرز فورم بلوچستان کے صدر ایڈوکیٹ شبیر احمد شیرانی نے خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں