مقدمات درج کروانے والوں کو پیغام ہے ان لوگوں سے کوئی لینا دینا نہیں جو فوج کیخلاف ہیں، پرویز الٰہی

لاہور (انتخاب نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مقدمات درج کرانے والوں کوپیغام دینا چاہتا ہوں ہم فوج کے ساتھ ہیں، ہمارا ان لوگوں سے کوئی لینا دینا نہیں جوفوج کیخلاف ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ یہی وقت ہے جب کوئی کسی کا ساتھ دیتا ہے، میری لیگل ٹیم بہت مضبوط ہے اور سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک ناکام شعبہ ہے، کوئی ایک کام بتا دیں جو انہوں نے پورا کیا ہو، میرے گھر کا بچہ بچہ پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہے، آنے والے وقت میں پنجاب صرف پی ٹی آئی کا ہے، میری تمام ادویات بند کی ہوئی ہیں مجھے سونے نہیں دیتے، جتنی مرضی کیسز بنالیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ سب کومعلوم ہے کہ مقدمات کے پیچھے کون ہے، مقدمات درج کرانے والوں کوپیغام دینا چاہتا ہوں ہم فوج کے ساتھ ہیں، ہمارا ان لوگوں سے کوئی لینا دینا نہیں جو فوج کیخلاف ہیں، ہمارے ساتھ بیٹھیں اوربتائیں کہ ملک کو آگے کیسے بڑھانا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاں ہم غلط ہوئے ہم اپنی اصلاح کریں گے، فوج ہمارا ادارہ ہے ہم اس کے ساتھ ہیں۔ بعدازاں اینٹی کرپشن ٹیم پرویز الٰہی کو لے کرروانہ ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں