وزیرِ اعظم نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کر دی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل کے حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے حکمران اتحاد کے رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی،کمیٹی آئندہ ہفتے میں تفصیلی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی ،وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے۔وزیراعظم سے جمعہ کو بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی قیادت میں اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ بلوچستان عوامی پارٹی نے بجٹ اجلاس کے حوالے سے تعاون اور حکومت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے ۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کی ایک اہم اتحادی جماعت ہے جس نے اتحادی حکومت کے ہر فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل کے حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، خالد حسین مگسی، جے یو آئی (ف) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا غفور حیدری، بی این ہی(مینگل) کے رہنما آغا حسن بلوچ، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ اوروزیرمملکت ڈاکٹر مصدق ملک اور منظور کاکڑ کمیٹی کے رکن ہونگے ۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق کمیٹی آئندہ ہفتے میں تفصیلی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے، بلوچستان کی ترقی، بلوچستان عوامی پارٹی سے مشاورت اور انکی رائے کے بغیر ممکن نہیں۔ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان کی ترقی کے لیے وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی اور خصوصی اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نزیر تارڑ، رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر بلوچستان عوامی پارٹی خالد حسین مگسی اور سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی موجودتھے۔


