نواز شریف کی رپورٹ پر جس کو شک ہے وہ عدالت میں میرا سامنا کرلے، ڈاکٹر طاہر شمسی

کراچی:ہیماٹالوجسٹ اور ٹرانسپلانٹ فزیشن ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر جس کو شک ہے وہ سپریم کورٹ میں میرا سامنا کرلے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس قطعا جعلی نہیں، ان رپورٹس میں جو بیماریاں اور علاج بتایاگیا آج بھی اس پر قائم ہوں۔ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ جسے نواز شریف کی رپورٹس پر شک ہے وہ سپریم کورٹ میں میرا سامنا کر لے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوگا سپریم کورٹ آ جائیں دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوجائیگا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم کی سوشل میڈیا پر لندن کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ خاندان کے افراد کے ہمراہ ایک کیفے پر موجود تھے۔اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد حکومتی نمائندوں کی جانب سے نواز شریف پر تنقید کی گئی تھی اور الزام لگایا گیا تھا کہ سابق وزیر اعظم کی تصویر خود لیک کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں