شاہوانی قوم سے منسوب ازراہ مذاق کی گئی میری بات کو غلط رنگ دیا گیا، ڈاکٹر منظور مینگل
خضدار (یو این اے) ممتاز عالم دین شیخ الحدیث علامہ ڈاکٹر منظور احمد مینگل نے کہا ہے کہ شاہوانی قوم میرے لئے اس قدر محترم اور قابل احترام ہے کہ جتنا میرا اپنا قبیلہ، شاہوانی قبیلے میں میرے معتقد اور کثیر تعداد میں حلقہ احباب شامل ہیں، کسی قوم کی دل آزاری کا تصور بھی نہیں کرسکتا، ایک نجی محفل میں از راہ مذاق آپس کی بات کو سازش کے تحت رنگ دیا گیا، شاہوانی قوم سے تعلق رکھنے والے اولاد کی طرح عزیز کچھ شاگردوں سے بے تکلفی ہے، ان سے ہی کوئی چھے سات سال قبل ازاراہ مذاق شاہوانی قوم سے منسوب ایک بات کی تھی جسے اب سازش کے تحت وائرل کیا گیا ہے، جس پر شاہوانی قوم سے تعلق رکھنے والے بھائیوں کی دل آزاری ہوئی اس پر میں معذرت خواہاں ہوں۔ نیز اس ویڈیو کے بعد ایک وفد میری طرف سے نواب محمدخان شاہوانی، میر ظفراللہ شاہوانی سے ملا، انہیں میرا پیغام پہنچاکر حقیقت سے آگاہ کردیا، تو ان کی جانب سے انتہائی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا گیا جبکہ انہوں نے اپنے ہاں آنے کی دعوت بھی دی جس پر میں ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں اور بارگاہ الٰہی ان کےلیے دعاگو ہوں چونکہ عازم حج ہوں، اس لیے ان کی دعوت پر فوری نہیں جاسکا البتہ ادائیگی فریضہ حج کے بعد ضرور ان کی دعوت قبول کی جائے گی۔ نواب محمد خان شاہوانی ایک ممتاز قبائلی شخصیت ہیں، ان کی محبت اور پرخلوص کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہوں۔


