جو منی لانڈرنگ اور نیب میں مطلوب تھے وه حکمران بنا دیے گئے ،شیخ رشید

راولپنڈی (صباح نیوز)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک وینٹی لیٹر پر ہے ،معیشت تباہ اورریاست بدحال ہے، ڈیفالٹ کی تلوار سرپرلٹک رہی ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت کے 50 دن اور آئی ایم ایف کے فیصلے کو 8 دن رہ گئے ہیں، پاکستان میں کوئی شعبہ ایسا نہیں ہے جہاں عدم استحکام نہیں، معیشت تباہ، ریاست بدحال، سیاست کا برا حال ہے۔انہوںنے کہا کہ 2 کروڑ لوگ بے روزگار، 10 کروڑ خطہ غربت کی لکیر سے نیچے اور ڈیفالٹ کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے، دیکھتے ہیں شہباز شریف فرانس سے آئی ایم ایف کو منوا کر آتے ہیں یا منہ لٹکا کے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک وینٹی لیٹر پر ہے جب انڈسٹری نہیں چلے گی تو روزگار نہیں ملے گا اور بیروزگار بھوک کے مارے سمندروں میں ڈوب کے مریں گے، یہ کہتے تھے ہم آئیں گے تو دودھ شہد کی نہریں بہہ جائیں گی لیکن انہوں نے مہنگائی، بیروزگاری کا طوفان کھڑا کر دیا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈار کہتا تھا ڈالر 200 کا کروں گا اب آئی ایم ایف کیلئے امریکہ برطانیہ کے سفیروں کے پائوں میں پڑا ہے، جو 50 سال سے یہاں سرمایہ کاری کر رہے تھے وہ بھی اپنے شیئر بیچ کر جا رہے ہیں جب پاکستانی ہی سرمایہ کاری نہیں کریں گے تو آئین و قانون کی تضحیک کی موجودگی میں کون غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں