جیکب آباد میں نوجوان کی پراسرار موت، پولیس نے بیوی اور آشنا کو گرفتار کرلیا

جیکب آباد (آئی این پی) جیکب آباد میں پراسرار طور پر فوت ہونے والے نوجوان کو بیوی کا آشنا کے ساتھ ملکر قتل کرنے کا انکشاف ہوا ہے ، پولیس نے نوجوان کی بیوی اور آشنا کو گرفتار کرلیاہے، ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے دلمراد تھانہ کی حدود گا¶ں عبدالحق کھوسو میں ایک ہفتہ قبل پراسرار طور پر فوت ہونے والے نوجوان رحیم بخش کھوسو کا گلہ گھونٹ کر قتل کرنے کا انکشاف ہوا ہے پولیس کے مطابق نوجوان کو اس کی بیوی صابراں اور اس کے آشنا سمندر کھوسو نے گلہ گھونٹ کر قتل کیا ہے پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے، پولیس نے مقتول کی بیوی صابراں اور آشنا سمندر کھوسو کو گرفتار کرکے ان کا نام مقدمے میں شامل کردیا ہے پولیس نے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لے لیا ہے جس کے بعد خاتون ملزمہ کو سکھر جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں رابطے کرنے پر ایس ایچ او دلمراد تھانہ شفقت کناسرو نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل نوجوان رحیم بخش کھوسو اپنے گھر کے باہر مردہ حالت میں ملا تھا پولیس نے اس کا پوسٹ مارٹم کرایا جس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں معلوم ہوا کہ نوجوان اپنی موت نہیں بلکہ اس کا گلہ گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے جس کے بعد پولیس نے مقتول کی بیوی کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ سمندر کھوسو میرے شوہر کا کزن تھا میں جس کے ساتھ پسند کی شادی کرنا تھی اس لیے ہم نے ملکر شوہر کو قتل کرنے کی پلاننگ کی اور اس کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں