اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس، ایم پی ایز کی حق تلفی کی مذمت، حکومت کیخلاف احتجاج کا طریقہ کار طے کرنے کافیصلہ

کوئٹہ؛بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن ارکان اور اپوزیشن جماعتوں بلوچستان نیشنل پارٹی،پشتونخوامیپ کے صوبائی قائدین کا مشترکہ اجلاس جمعرات کو بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندرایڈووکیٹ کی صدارت میں اپوزیشن چیمبرمیں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر مولوی محمد سرور،بی این پی کے ملک نصیراحمد شاہوانی، اختر حسین لانگو،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے عبدالرحیم زیارت وال،سابق رکن قومی اسمبلی عبدالقہار ودان،ارکان اسمبلی ثناء بلوچ،میر محمد یونس زہری،حاجی محمد نواز خان کاکڑ،محمداکبر مینگل،عبدالواحد صدیقی،اصغر علی ترین،احمد نوازبلوچ،مولوی نوراللہ،نصراللہ خان زیرے اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں غور وخوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن ارکان اسمبلی کی آئینی اور قانونی حق نمائندگی مسلمہ ہے اپوزیشن حلقوں میں مداخلت غیرآئینی اورقطعی ناجائز ہے جس کی جمعیت علماء اسلام،بلوچستان نیشنل پارٹی اور پشتونخوامیپ نے اپنے ارکان اسمبلی کی حق تلفی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اورانکا ساتھ د ینے اور مطالبات کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تینوں جماعتوں کی سیاسی قیادت دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کے بعد گرینڈ اپوزیشن کے ذریعے صوبے میں حکومت کے مظالم جس میں بارڈر کی بندش،چیک پوسٹوں پرایف سی کی جانب سے عوام کو تنگ کرنے،کورونا وباء کی روک تھام میں حکومتی غفلت اور بے حسی،ٹڈی دل سے کاشتکاروں کے ہونے والے نقصانات کے ازالے،بے روزگاری کے خاتمے کیلئے نااہل صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں